پین امریکن ہائی وے، دنیا کی طویل ترین سڑک
نیویارک: دنیا کی طویل ترین سڑک پین امریکن ہائی وے کو قرار دیا جاتا ہے۔
پین امریکن ہائی وے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کی طویل ترین سڑک کا اعزاز رکھتی ہے۔ اس کی لمبائی 30 ہزار کلومیٹر (19,000 میل) ہے۔
یہ سڑک امریکی ریاست الاسکا سے ارجنٹائن کے جنوبی سرے تک پھیلی ہوئی ہے۔ پین امریکن ہائی وے کا منصوبہ پہلی بار 1923 میں امریکا نے تجویز کیا تھا۔
1924 میں امریکی حکام نے لاطینی امریکا کے 37 مندوبین کو دارالحکومت واشنگٹن میں طلب کیا، جہاں اس حوالے سے ان کی رائے مانگی گئی تھی اور کچھ سال کے بعد ایک معاہدہ طے پایا، جسے دی کنونشن آن پین امریکن ہائی وے کا نام دیا گیا۔
اس معاہدے پر 1937 میں ارجنٹائن، بولیویا، کینیڈا، چلی، کولمبیا، کوسٹاریکا، ایل سلواڈور، گوئٹے مالا، ہُنڈوراس، میکسیکو، نکاراگوا، پاناما، پیرو اور امریکا نے دستخط کیے تھے۔
تاہم اگر بات کی جائے کہ دنیا کی دوسری طویل ترین سڑک کون سی ہے تو وہ ہے ایشین ہائی وے 1۔ یہ 20,557 کلومیٹر (12,774 میل) ہے۔ یہ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سے ترکی اور بلغاریہ کی سرحد تک پھیلی ہوئی ہے، جو کوریا، چین، جنوب مشرقی ایشیا، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان اور ایران سے ہوتی ہوئی گزرتی ہے۔