خانہ کعبہ میں معمر اور معذور عمرہ زائرین کیلیے گولف کار متعارف

مکۃ المکرمہ: ادارہ امور حرمین شریفین نے خانہ کعبہ میں زائرین کی سہولت کی خاطر اسمارٹ گولف کاریں متعارف کروادیں، ان کے ذریعے معمر اور بیمار زائرین مسجد الحرام کی چھت سے طواف کرسکتے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق گولف کار متعارف کرائے جانے کا اصل مقصد معمر معذور اور جسمانی بیماریوں کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کرنا ہے، تاکہ وہ آرام دہ اور پُرسکون انداز میں عمرہ ادا کرسکیں۔
گولف کار رواں ماہ 11 مارچ کو متعارف کروائی گئی ہیں، سوشل میڈیا پر حرمین شریفین کے اکاؤنٹس سے گولف کار کی ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں، جن میں زائرین کو مسجد الحرام کی ڈیزائن کردہ نئی چھت سے گولف کار میں بیٹھے خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب العربیہ اردو کی رپورٹ میں آن لائن سعودی نیوز پورٹل عاجل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر 50 گالف گاڑیاں فراہم کی ہیں، یہ گاڑیاں محدود وقت (شام 4 سے صبح کے 4 بجے) تک عمرہ زائرین کے لیے چلائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہر گاڑی میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، کار کا فی کس کرایہ 25 ریال ہے، گاڑیوں کے لیے بکنگ کے انتظامات مسجدالحرام کے مختلف دروازوں سمیت لفٹ پر بھی موجود ہیں، جہاں سے زائرین گالف کار بک کروانے کے بعد لفٹ کے ذریعے مسجد الحرام کی چھت پر پہنچ کر گاڑی کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔