خوردنی تیل کی فراہمی کیلئے بڑا قدم، دو ہفتوں میں 10 بحری جہاز پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: خوردنی تیل کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کا بڑا قدم، شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر سے رابطہ کیا جس کے بعد خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے، انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا۔30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان کیلئے روانہ ہوجائے گا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوئے۔
اچھی خبر یہ کہ خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائیشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔ انڈونیشیا سے کُل ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے وزیراعظم کی ہدایت پر انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کیے۔ پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا اور 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔