پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 خلا میں روانہ
اسلام آباد/ بیجنگ: پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 خلا میں روانہ کردیا گیا۔
سیٹلائٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا، پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ سے پاکستان کے طول وعرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر خلا میں داخل کیا جائے گا۔
سیٹلائٹ کو زمین سے خلا تک پہچنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں، سیٹلائٹ ای کامرس، ای گورننس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، ایم ایم 1 سیٹلائٹ سپارکو اور چائنیز ایرواسپیس انڈسٹری کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔
پاک سیٹ ایم ایم 1، 15 برس تک کام کرے گا، پاک سیٹ ایم ایم 1 ٹی وی نشریات، سیلولر فون اور براڈ بینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
پاک سیٹ ون ایم ایم 1 رواں برس اگست میں سروس دینا شروع کردے گا، پاک سیٹ ایم ایم 1 کے اے بینڈ 10 گیگا بائٹس فی سیکنڈ صلاحیت کا حامل ہے۔
اس وقت پاکستان کے دو ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں موجود ہیں، پاک سیٹ ون آر 2011 میں لانچ کیا گیا تھا، اس کی لائف 15 سال تھی جو 2026 میں مکمل ہوگی، پاکستان کا ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ بھی خلا میں موجود ہے، پی آر ایس ایس 1، 2018 میں لانچ کیا گیا تھا۔