کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز
کراچی: شہر قائد میں سندھ حکومت نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہوگیا۔
کراچی میں الیکٹرک بس آج سے ملیر سے براستہ شاہراہ فیصل، ڈیفنس اور سی ویو تک چلیں گی، یک طرفہ کرایہ پچاس روپے ہے، پہلی بار بس کراچی ایئرپورٹ کے اندر تک بین الاقوامی طرز پر چلائی جائے گی۔
دنیا بھر میں گزشتہ کئی سال بجلی سے چلنے والی گاڑیاں اور بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں، لیکن اب یہی بسیں کراچی کی سڑکوں پر بھی دوڑتی نظر آئیں گی۔
پاکستان میں پہلی بار سندھ حکومت نے بجلی سے چلنے والی یہ بسیں منگوائی ہیں، 50 میں سے 10 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ یہ بسیں مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہیں، اس میں 33 افراد کے بیٹھنے اور 40 مزید افراد کی گنجائش موجود ہے۔
ان بسوں میں پانچ سو کلو واٹ کی بیٹری لگی ہے جسے ایک بار چارج کرنے پر 2 سو کلومیٹر سے زائد کا سفر کیا جاسکتا ہے۔ یہ بیٹری 40 منٹ میں دوبارہ چارج ہوسکتی ہے۔ ان بسوں کو چارج بھی سولر پینلز کے ذریعے شمسی توانائی سے کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماحول دوست ان بسوں سے ناصرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ ماحول بھی بہتر ہوگا۔