پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے 9 برس قبل آرمی پبلک اسکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی نویں برسی پر بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کردیں۔ دہشت گردوں نے اے پی ایس پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا۔
نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ 9 برس قبل دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی۔ اے پی ایس پشاور کے سانحے نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان بچوں کے والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔ مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد کرتی اور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل آرمی پبلک اسکول شہید طاہرہ قاضی اور دیگر نہتے اساتذہ اپنے طلباء کو بچانے کے لیے ان درندوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکی ہے۔ پاکستانی قوم نے دشمن کے شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیے۔