الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، سپریم کورٹ کے حکم پر انتخابی شیڈول جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کا شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔ شیڈول کے مطابق 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے اور 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے پر اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 3 جنوری 2024 ہے جب کہ 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہوگی۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو جاری کیے جائیں گے اور 8 فروری کو پولنگ ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی ٹریننگ بحال کردی اور یہ اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ 17 اور 18 دسمبر کو کرائی جائے گی جب کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ کا انعقاد 19 دسمبر کو کیا جائے گا۔
دھیان رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو فوری انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔