پاکستانی مصنف عارف انیس نے اعلیٰ برطانوی شاہی اعزاز حاصل کرلیا

لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے مصنف اور سماجی شخصیت عارف انیس برطانوی سلطنت کے موسٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر کے رکن بن گئے اور انہوں نے اپنی اس بے مثال کامیابی کو اپنے وطن کے نام کیا ہے۔
پاکستانی نژاد مصنف، کالم نگار اور فلاحی رضاکار عارف انیس کو انسانی ہمدردی کی خدمات پر دی ممبر آف دی موسٹ ایکسیلینٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (MBE) کا میڈل ونڈسر کیسل میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں برطانوی شہزادے پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم نے دیا۔
اس اعزاز کے لیے عارف انیس کے نام کا اعلان رواں برس سال جون میں بکنگھم پیلس میں کنگ چارلس کی پہلی باضابطہ سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس اعزاز کے لیے برطانوی بادشاہ نے عارف انیس کو ان کی شاندار خدمات پر منتخب کیا تھا۔
عارف انیس نے مارچ 2020 میں کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائنز پر موجود طبی عملے بالخصوص ایمبولینس ڈرائیورز کے لیے ون ملین کھانے کا آغاز اپنے 2 دوستوں سلیمان رضا اور بلال ثاقب کے ساتھ مل کر کیا تھا۔
پاکستانی نژاد عارف انیس نے بتایا کہ کورونا وبا میں نیشنل ہیلتھ سروس عالمی وبا سے جنگ لڑرہی تھی۔ ریستوراں بند اور عملہ بھوکا تھا۔ میں ایمبولینس کے عملے کو کھانے کے بغیر کام کرتے دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔
عارف انیس کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اپنے قریبی دوستوں سے آئیڈیا شیئر کیا اور انہوں نے بھرپور تعاون کیا۔ معروف شخصیات بشمول فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم، باکسر عامر خان اور میوزک بینڈ The Proclaimers نے One Million Meals مہم کے لیے ریلی میں شرکت کی۔
عارف انیس نے کہا کہ ان کی وجہ سے اپریل اور جولائی 2020 کے درمیان ہم طبی عملے کے لاکھوں افراد کو کھانا فراہم کرنے کے قابل بن سکے۔ میں اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
عارف انیس نے اپنے تمغے اور شاہی اعزازات اپنی والدہ، اپنی اہلیہ اور تمام مشکلات کے خلاف پاکستانی ہونے کے غیر متزلزل جذبے کے نام کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا یہ اعزاز پاکستان اور پاکستانی ہونے کے جذبے کے لیے وقف کرتا ہوں۔ ہم دنیا کے 148 ممالک میں سے ایک ہیں اور اپنی موجودگی کا احساس دلارہے ہیں۔
خیال رہے کہ عارف انیس کو برطانیہ میں اکتوبر 2020 میں برین آف دا ایئر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا اور یہ ایوارڈ اُس وقت کے شہزادہ اور موجودہ بادشاہ چارلس نے اپنے ہاتھوں سے انہیں عطا کیا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔