پہلے ون ڈے میں پاکستان سرخرو، بابراعظم کا ایک اور عالمی اعزاز
روٹرڈیم: نیدرلینڈ سے پہلے ون ڈے میں پاکستان کامیاب جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ کر ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ہاشم آملہ کو 88 ون ڈے اننگز کھیل کر سب سے زیادہ 4473 رنز بنانے کا اعزاز حاصل تھا جبکہ بابراعظم نے 88 ون ڈے اننگز کھیل کر 4516 رنز بنائے اس طرح جنوبی افریقی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
پاکستان نے ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو 16 رنز سے شکست دے دی۔
روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈ کی ٹیم 315 رنز کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا سکی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 60 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے جب کہ ٹام کوپر اور وکرم جیت سنگھ 65، 65 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستانی بولرز کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3،3 جب کہ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 314 رنز اسکور کیے۔
ابتدا میں قومی بیٹرز مشکلات کا شکار نظر آئے، اوپنر امام الحق 19 گیندوں پر محض 2 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
بعدازاں فخر زمان اور بابر اعظم نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 178 تک پہنچایا تو اس موقع پر کپتان 85 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹے تو دوسری جانب سے پر فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا۔
پھر فخر زمان 196 کے مجموعی اور 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے یہ اُن کے کیریئر کی ساتویں سنچری تھی، نئے آنے والے کھلاڑی محمد رضوان 14، خوش دل شاہ 21 اور محمد نواز 4 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے جب کہ شاداب خان 48 اور آغاز سلمان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔