پاکستان ورلڈکپ فائنل کے سوا کوئی میچ احمدآباد میں نہیں کھیلے گا، پی سی بی
لاہور: پی سی بی نے احمد آباد میں ورلڈکپ کے میچز کھیلنے پر تحفظات ظاہر کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمدآباد میں شیڈول کرنا چاہتا ہے۔
بھارتی میڈیا پر شائع رپورٹ میں پی سی بی کے سینئر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نجم سیٹھی نے چیئرمین آئی سی سی گریک بارکلے کو واضح کردیا ہے کہ بھارت میں منعقد کیے جانے والے ورلڈکپ 2023 کے ایونٹ کے لیے پاکستان ٹیم احمدآباد میں سوائے فائنل کے کوئی میچ نہیں کھیلے گی، پاکستان نہیں چاہتا کہ اس کے میچ احمدآباد میں شیڈول کیے جائیں، تاہم اگر ہمیں کوئی فائنل میچ وہاں کھیلنا پڑے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اس سے قبل ورلڈکپ کے شیڈول میچز کولکتہ، چنئی اور بینگلورو میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
سربراہ پی سی بی نجم سیٹھی نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ اگر حکومت پاکستان قومی ٹیم کو اکتوبر اور نومبر میں شیڈول عالمی ایونٹ کے لیے بھارت جانے کی اجازت دیتی ہے تو پھر پاکستان کے میچز کو چنئی، بینگلورو اور کولکتہ میں شیڈول کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نجم سیٹھی اور سربراہان آئی سی سی کی لاہور میں ملاقات ہوئی تھی۔
دوسری جانب ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ کے لیے بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے، اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستان بھی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جائے، پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کی شرکت کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے۔