دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا اعلان

لاہور: نئے مقرر ہونے والے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔
وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، خرم شہزاد، سعود شکیل، سرفراز احمد، میر حمزہ، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
وہاب ریاض نے بتایا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولتیں دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی، فزیو نے بتایا کہ آگے جاکر فٹنس کا ایسا کوئی ایشو نہیں، لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ اگلے تین ہفتوں میں بولنگ شروع کرے گا اور محمد حسنین نے ورزش شروع کی ہے، ایک سے دو ہفتوں میں وہ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ نواز ڈاہانی، شاداب خان، اسامہ میر، عثمان قادر اور محمد نواز کیمپ کو جوائن کریں گے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق،عبداللہ شفیق اور شان مسعود پرفارم کررہے ہیں، چار پانچ اسپنر کیمپ میں بلائے ہیں، صاحبزادہ فرحان ٹاپ اسکورر رہے لیکن ابھی اسکواڈ میں جگہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی کی کاؤنٹی سیزن میں اچھی پرفارمنس رہی ہے اور تجربہ بھی ہے، حسن علی جیسا کھلاڑی ہے وہ آسٹریلیا میں پرفامنس دے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔