فرانس: خاتون سینیٹر پر جنسی حملہ کرنے کے الزام میں ساتھی سینیٹر گرفتار

پیرس: فرانس میں خاتون سینیٹر پر جنسی حملہ کرنے کے الزام میں 66 سالہ سینیٹر جوئل گوریو کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ان کی جماعت نے رکنیت بھی معطل کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سینئر سیاست دان جوئل گوریو نے اپنے گھر میں ایک دعوت پر خاتون سینیٹر 46 سالہ سینڈرین جوسو کو جنسی زیادتی کی نیت سے نشہ آور مشروب پلایا تھا۔
خاتون سینیٹر نے الزام عائد کیا کہ مشروب پینے کے بعد میری طبیعت بگڑگئی اور میں نے مکمل طور پر بے ہوش ہونے سے قبل وہاں سے نکل جانے میں عافیت جانی۔ تاہم اپنے گھر پہنچ کر میں بے ہوش ہوگئی تھی۔
خاتون سینیٹر کی شکایت پر پولیس نے سینیٹر جوئل گوریو کو حراست میں لے لیا، تفتیش میں یہ ثابت ہوگیا کہ سینیٹر جوئل گوریو وقوعہ کے وقت نشے میں تھے اور خاتون کے مشروب میں بھی منشیات ملائی تھی۔
پولیس نے سینیٹر جوئل گوریو کو 48 گھنٹے کے بعد ضمانت پر چھوڑ دیا تھا، تاہم انہیں عدالت کی نگرانی میں رکھا جائے گا اور وہ تفتیش مکمل ہونے تک خاتون سینیٹر سمیت کسی بھی گواہ سے رابطہ نہیں کرسکیں گے۔ دوسری جانب سینیٹر جوئل گوریو کی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔