اسٹاک ایکسچینج حملہ، دہشت گردوں کے پاس طویل دورانیے تک لڑنے کا سامان تھا، سی ٹی ڈی
کراچی: راجا عمر خطاب کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ خودکُش طرز کا تھا جس میں ملزمان نے زندہ واپسی مشن میں شامل نہیں رکھی تھی اور ملزمان کے پاس طویل دورانیے تک لڑنے کا سامان تھا۔
انچارج انسداد دہشت گردی ونگ راجا عمر خطاب کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کیے گئے سامان میں بھاری تعداد میں دستی بموں اور جدید ہتھیاروں کے علاوہ پانی کی بوتلیں، بھنے ہوئے چنے اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پاس سے برآمد ہونے والے سامان سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں گھسنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے طویل دورانیے تک لڑنے کا سامان جمع کر رکھا تھا اور دہشت گردوں کی زندہ واپسی مشن میں شامل نہ تھی۔
راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے پاس سے خودکُش جیکٹ نہیں ملی۔
انچارج انسداد دہشت گردی ونگ کے مطابق ایک دہشت گرد کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی جو بلوچستان کا رہائشی ہے اور گاڑی بی اے بی 6299 بھی اسی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والی کار پولیس ریکارڈ میں کلیئر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اسی طرح کی کارروائی کراچی میں چینی قونصل خانے میں کی تھی۔