بھارت کی جانب سے کشمیر میں یک طرفہ اقدامات قبول نہیں: پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ فاشسٹ ہندوتوا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر گہری تشویش ہے، بھارت کی جانب سے کشمیر میں یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو سراہا گیا اور بھارتی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے، وزیر خارجہ کے نیو یارک دورے کا محور بھی کشمیر، افغانستان اور پاکستان کی معاشی ترقی رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بتایا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ آج سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گی، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا ایشیا میں امن کے خواہاں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا استحکام کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک افغانستان کے حوالے سے ایک نقطہ نظر رکھتے ہیں، کانگریس میں ہونے والی سماعت امریکا کی سرکاری پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔