کورونا کی حشر سامانیاں، پاکستان کی بھارت کو مدد کی پیشکش
اسلام آباد: بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کے حوالے سے صورت حال انتہائی تباہ کن ہے، اس تشویش ناک صورت حال پر پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیش کش کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے تحت کی گئی ہے، پاکستان نے بھارت کو ریلیف سپورٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے بھارت کو وینٹی لیٹرز، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشینز اور دیگر متعلقہ آئٹم دینے کی پیشکش کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو مدد کی پیشکش جذبۂ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی، مثبت جواب آتا ہے تو ان سے بیٹھ کر معاملات طے کرلیں گے، تاکہ انہیں جلد از جلد مدد پہنچائی جاسکے، وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین، ماسک اور جو ہو پایا، مدد دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بھی چیلنجز درپیش ہیں، وزیراعظم عمران خان نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے، قوم نے تعاون کیا تو جیسے پہلے حالات پر قابو پایا، اس بار بھی مقابلہ کر پائیں گے۔