پاکستان اور کرغزستان میں تجارت، انسداد دہشت گردی سمیت متعدد معاہدے
بشکیک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی اور آئی ٹی سمیت متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے بھی شرکت کی۔ بعدازاں دونوں سربراہان حکومت نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا، پاکستان اور جمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان اور کرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک میں اتفاق رائے طے پایا۔ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا، دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے، دو طرفہ تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دو طرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے۔