پاکستان جنوبی افریقا کے مابین کل سے ٹیسٹ کا آغاز، تیاریاں مکمل!

کراچی: کل سے پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین کراچی میں ٹیسٹ میچ شروع ہورہا ہے، اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق کراچی پولیس نے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 26 جنوری 2021 سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی، ایئرپورٹ، روٹ، پریکٹس گراؤنڈز، ہوٹلز اور دیگر مقامات پر کراچی پولیس کے 5000 اہلکار بشمول ایس ایس یو کے 1050 کمانڈوز اور سیکیورٹی ڈویژن کے 1500 اہلکار ٹریفک پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی صورت حال کی نگرانی کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود ہوگی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیڈیم اور روٹس کے ملحقہ علاقوں میں ماہر نشانہ باز کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحے سے لیس کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تعینات کی جائے گی، عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فقط مرکزی شاہراہ کو میچ ٹائمنگ کے دوران بند کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔