آرمینیا سے تنازع، پاک فوج کا آذربائیجان کے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان!

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ندیم رضا نے آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے ملاقات میں ’نگورنو کاراباخ‘ کے تنازع پر آذربائیجان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی امور اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نگورنو کاراباخ کے تنازع پر آذربائیجان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے آذری مؤقف کی حمایت کرنے پر پاکستانی افواج سے اظہار تشکر کیا۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے، تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔
نگورنو کاراباخ کے تنازع پر گزشتہ دو ہفتوں سے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان شدید لڑائی ہورہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔