پاک، چین اپنی آئندہ نسلوں تک بھی متحد رہیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین اپنی آنے والی نسلوں تک بھی متحد رہیں گے۔
چینی تجارتی وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، شہباز گل، خالد منصور اور چین کے سفیر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں چینی کاروباری اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر حمایت کریں گے، خصوصی اقتصادی زونز میں اپنی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی پر ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ناصرف ماضی اور حال میں جڑے ہوئے ہیں بلکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں تک بھی متحد رہیں گے، پاکستان دونوں ممالک کے عوام میں قائم قابل قدر تعلقات کو سراہتا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان میں صنعتیں لگانے والے تمام چینی سرمایہ کاروں کو ہنگامی بنیادوں پر سہولتیں دی جائیں، سڑکوں اور یوٹیلٹی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق مسائل کو حل کیا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ چینی تاجر گلاس، سیرامکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں، چینی مشہور موبائل ساز کمپنی اووپو Oppo پاکستان میں ایک مقامی موبائل مینوفیکچرنگ یونٹ لگارہی ہے، اووپو ایک ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے جارہا ہے، اس سے ناصرف اسمارٹ فونز کی سالانہ درآمد پر بہت زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہوگی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔