اوگرا نے گیس اور نیپرا نے بجلی قیمتوں میں اضافہ کردیا

اسلام آباد: اوگرا نے گیس اور نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ ستمبر 2023 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جب کہ قیمتوں میں اضافہ ایک ماہ کے لیے ہوگا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب اوگرا نے بھی گیس کی قیمت بڑھانے کی منظوری دے دی، نئی قیمت کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد آج اوگرا نے بھی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔
ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نرخوں میں سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے نرخوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت 300 سے بڑھا کر 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔
ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے گیس کی قیمت 400 سے بڑھاکر 1000 روپے، ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھاکر 1200 روپے، 200 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے گیس کی قیمت 800 سے بڑھاکر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔
300 مکعب میٹر استعمال کرنے والوں کے لیے نرخوں میں 1900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور گیس کی قیمت 1100 سے بڑھ کر 3000 روپے کردی گئی ہے۔
400 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے نرخوں میں 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت 2000 سے بڑھاکر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔
ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔