کیویز کے ہاتھوں پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست، سیریز برابر

راولپنڈی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں کیویز نے میزبان کو 6 وکٹوں سے زیر کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے مارک چپ مین کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کا 194 رنز ہدف باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چپ مین ناقابل شکست 104 اور جمی نیشم 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے محمد رضوان کے ناقابل شکست 98 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر محمد حارث بھی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے، اگلے ہی اوور میں صائم ایوب بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی جب کہ افتخار احمد 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
عماد وسیم 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے 62 گیندوں پر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 3 اور اش سوڈھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کا آغاز مایوس کن رہا، اننگز کی پہلی ہی گیند پر کپتان ٹام لیتھم شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ول ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 4 رنز بناکر شاہین کا شکار بنے، پاکستان کو تیسری کامیابی 26 کے مجموعی اسکور پر ملی، چاڈ باؤز 19 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ ڈیرل مچل بھی 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
73 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد چپ مین اور جمی نیشم نے ذمے دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلواکر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
مارک چپ مین نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ اس کے علاوہ جمی نیشم 25 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ اور عماد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، نیوزی لینڈ کے مارک چپ مین پلیئر آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔