براڈ شیٹ، عظمت سعید پر مشتمل انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: براڈ شیٹ معاملے کی انکوائری کے لیے جسٹس (ر) عظمت سعید پر مشتمل ایک رکنی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے ساتھ ٹی او آرز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دیا گیا جو 6 ہفتوں میں انکوائری مکمل کرے گا جب کہ کمیشن کو تحقیقات کے لیے افسران اور ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اختیار ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیشن براڈشیٹ اور آئی اے آر کےانتخاب، تقرری اورمعاہدوں کی چھان بین کرے گا جب کہ کمیشن براڈ شیٹ اور انٹرنیشنل ایسٹ ریکوری فرمز سے معاہدوں کی منسوخی کی وجوہ کی جانچ کرے گا۔
اس کے علاوہ کمیشن 2008 میں براڈ شیٹ کو پاکستان کی ادائیگیوں کی وجوہ اور اثرات کی نشان دہی بھی کرے گا۔
کمیشن کے قیام کے نوٹیفکیشن کی کاپی اٹارنی جنرل، سیکریٹری ٹو صدر، سیکریٹری ٹو پرائم منسٹر اور سیکریٹری قانون کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے براڈ شیٹ کمیشن کے معاملے پر جسٹس (ر) عظمت سعید کو کمیشن کا سربراہ بنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔