شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر خودکُش حملہ، دو افسران اور 5 اہلکار شہید

راولپنڈی/ میرعلی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر خودکُش حملے میں فوج کے لیفٹننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت سات اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 16 مارچ کی صبح، 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنادیا۔
دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرادی، جس کے بعد متعدد خودکُش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا نتیجے میں پانچ مادر وطن کے بہادر بیٹوں کی شہادت ہوئی، شہداء میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران، لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کی اور تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سامنے سے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے بہادری سے مقابلہ کیا اور لڑتے ہوئے قربانی دی اور شہادت کو گلے لگالیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گرد حملے میں شہید پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملادیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دہشت گرد دشمن کے ناپاک عزائم پر عمل پیرا ہیں، جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔