حج کے دوران کسی سیاسی نعرے کی اجازت نہیں، سعودی حکام کا انتباہ
مکۃ المکرمۃ: سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج کے دوران سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہے۔
بیرون ملک کے میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاض میں سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حج عبادت کے لیے ہے نہ کہ کسی سیاسی نعرے کے لیے، لہٰذا حج کے دوران کسی سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ حج عبادت کی ایک شکل ہے، سعودی حکومت یقینی بنانا چاہتی ہے کہ حج عاجزی، سکون اور روحانیت کا اعلیٰ ترین مظہر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں، تاکہ ہر کوئی آسانی کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکے۔