چاہت فتح علی خان نے بدوبدی 2 ریلیز کرنے کا اعلان کردیا

لاہور: سوشل میڈیا پر خاصے معروف گلوکار چاہت فتح علی خان نے اکھ لڑی بدوبدی 2 ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
چاہت فتح علی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر مداحوں کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں گلوکار نے بتایا کہ اُنہوں نے عیدالفطر کی چاند رات پر بدوبدی ریلیز کیا تھا جو پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا۔
گلوکار نے کہا کہ میرے گانے بدوبدی پر 28 ملین ویوز آئے اور کروڑوں بار گانے کو شیئر کیا گیا، بھارت میں بھی یہ گانا خوب وائرل ہوا۔
چاہت نے کہا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہیں، آپ چاہیں اچھے تبصرے کریں یا بُرے، مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا، لیکن یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آپ میری گلوکاری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ مجھے شروع سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، لیکن میں نے ساڑھے آٹھ سال قبل باقاعدہ گلوکاری کا آغاز کیا، اس دوران 35 گانے ریلیز کیے جن میں سے 17 گانے ہِٹ ہوئے۔
گلوکار نے کہا کہ میرے گانے پسند کرنے پر پاکستانیوں سمیت بھارتیوں، بنگلادیشیوں، نیپالیوں اور برطانوی مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے نئے 6 گانوں کی تیاری میں مصروف ہوں، جن میں میرے ساتھ نوجوان ماڈلز نظر آئیں گی۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ متعدد پروفیشنل ماڈلز میرے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں، میرے پاس ماڈلز کی لائن لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر میری فلم سبق بھی ریلیز ہورہی ہے جو میرے یوٹیوب چینل پر ہی ریلیز ہوگی جب کہ میں جلد ہی بدوبدی 2 بھی ریلیز کروں گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔