مرتضیٰ وہاب کا استعفی منظور، ڈاکٹر سیف الرحمان ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات
کراچی: نام فائنل کرلینے کے بعد بالآخر ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی بھی کردی گئی، حکومت سندھ نے مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف الرحمان کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر سیف الرحمان کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر سیف الرحمان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے اور وہ اس سے قبل گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
ڈاکٹر سیف الرحمان بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میٹروپولیٹن کمشنر رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ ڈاکٹر سیف الرحمان ضلع وسطی اور شرقی کے ڈپٹی کمشنر سمیت بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر سیف الرحمان اس سے قبل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور بلوچستان میں کمشنر ژوب بھی تعینات رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوگا۔