حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے مذاکرات ناکام، ملک بھر کے پمپ بند
اسلام آباد: آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور ڈیڈلاک برقرار ہے، ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر میں پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے معاملے پر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات پر ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا، جس میں حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان ٹیکسوں کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔
اجلاس کے بعد ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے جمعے سے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے نائب صدر کے انتقال کے باعث اسلام آباد میں ہڑتال نہیں ہوگی اور اس کے علاوہ ملک بھر کے تمام پمپس ہر صورت میں بند رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایسوسی ایشن عہدے دار کی وفات کے باعث ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی ہے۔
رات بارہ بجتے ہی ایسوسی ایشن کی کال پر کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مالکان نے پمپ بند کرکے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روک دی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اُدھر لاہور میں بھی ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کردی اور کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے حل نہیں نکل سکتا، بلکہ مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جائے گا۔
اُدھر پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی، تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں اور پٹرول پمپس کو کھلا رکھیں۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں 5 جولائی سے 13 ہزار پٹرول پمپس بطور احتجاج بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ یہ ہڑتال صفر اعشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کی جارہی ہے، جس کے لیے بدھ کو حکومت پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان منعقدہ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔