شدید بارشوں کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: ملک میں اس بار بادل خوب برسیں گے اور شدید بارشوں میں بڑے نقصانات کا اندیشہ ہے، اسی تناظر میں این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کیا ہے جس میں صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ بارش کے نئے اسپیل سے خیبرپختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے جب کہ شدید بارشوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔