نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن، مریم نے سازش تیار کی: شہباز گل

لاہور: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کی سازش کا الزام مریم نواز پر عائد کیا ہے۔
شہباز گل نے گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں موجود نواز شریف کا لاہور میں جعلی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بننا پاکستان کے خلاف سازش ہے، مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی، نوید نامی شخص کو مریم نواز نے یہ ذمے داری دی، کورونا ڈیٹابیس کو بدنام کرنے کے لیے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ڈان لیکس پر مریم نواز کو این آر او نہیں دینا چاہیے تھا، اگر ڈان لیکس پر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے براہ راست پاکستان کے وقار پر حملہ کیا، ملزم عادل رفیق اسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015 میں بھرتی کروایا تھا، عادل رفیق مسلم لیگ ن کا کارکن ہے، ابوالحسن اور عادل رفیق تھانہ گجرپورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی جب کہ نوید کو بھی جلد جرمنی سے گرفتار کیا جائے گا۔
معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسی نیشن کی خبر سب سے پہلے ن لیگ نے میڈیا کو دی، اپنے دور میں بھرتی کیے گئے ملازمین کے ساتھ مل کر یہ سازش تیار کی گئی، ڈیٹا انٹری آپریٹر ابوالحسن کو 2017 میں ایم پی اے چوہدری شہباز نے بھرتی کرایا، جو ن لیگی کارکن اور شادباغ کا رہنے والا ہے، نوید ملک سے فرار ہوگیا ہے اور اس کے پاس اسپتال میں آئی ٹی کا ٹھیکہ ہے، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں ن لیگ خوردبرد کرتی رہی ہے، شہباز شریف کے کیس میں کوئی کسی کو پہچاننے کے لیے تیار نہیں، کرپشن کا کینسر اتنا پھیلا ہوا ہے کس کس کو نکالیں۔
علاوہ ازیں میاں نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسی نیشن کیس میں لاہور پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزمان عادل اور ابوالحسن کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ملازم ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کی کورونا ویکیسین کی جعلی ڈیٹا انٹری کی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ گجرپورہ میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔