چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا دورۂ روس

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا روس کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے ‘امن مشن مشق 2021’ کا معائنہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا امن مشن مشق 2021 کے مشاہدے کے لیے روس کے دورے پر ہیں۔ امن مشن مشق 2021 شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت منعقد ہوئی۔
جنرل ندیم رضا نے رکن ممالک کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ فورم کی جانب سے علاقائی و بین الاقوامی جیوپولیٹکل صورت حال پر غور کیا گیا۔ فورم نے افغانستان کی تازہ ترین صورت حال کے تناظر میں جیوپولیٹیکل ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ دنیا کے مختلف خطوں میں دہشت گردوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے تنظیم کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام مشترکہ ذمے داری ہے، پُرامن افغانستان پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے عالمی امن کے لیے پاکستانی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں کلیدی قربانیاں دیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔