سیاحت کے لیے نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل، زلفی بخاری کنوینر مقرر

اسلام آباد: وزیرِاعظم نے ملک بھر کے دلکش سیاحتی مقامات اور ملکی سیاحتی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سیاحت کے حوالے سے حکومتی ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر اعلیٰ سطح کی نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے سیاحت تشکیل دے دی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اعلیٰ سطح کی نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی برائے سیاحت معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسوس ڈیولپمنٹ (بطور کنوینر)، وزارت صنعت و پیداوار وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، وزارتِ مواصلات، وزارتِ ہوا بازی، وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کے سیکریٹری صاحبان یا ان کے نمائندے (جو گریڈ 21 سے کم نہ ہو)، تمام چیف سیکریٹری یا ایڈیشنل چیف سیکریٹری، چیئرمین متروکہ املاک بورڈ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پر مشتمل ہوگی۔
کنوینر سرکاری یا نجی شعبے سے کسی بھی فرد کو کمیٹی میں شامل کرنے کا مجاز ہوگا۔ وفاقی اور صوبائی نمائندگان پر مشتمل کمیٹی کی ذمے داریوں میں نیشنل ٹورازم اسٹرٹیجی پر عمل درآمد کا جائزہ لینا اور صوبائی و علاقائی سطح پر مختلف اقدامات کو نیشنل اسٹرٹیجی اور ایکشن پلان سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
کمیٹی سیاحت کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد اور اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ ملکی سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ، سیاحتی سہولتیں، پروڈکٹس اور سروسز کا جائزہ بھی کمیٹی کے دائرہ کار میں ہوگا۔
کمیٹی سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنے کے لیے ٹھوس سفارشات مرتب کرنے اور ہدایات جاری کرنے کی مجاز ہوگی، تاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے موزوں و موافق ماحول پیدا کیا جاسکے۔
کمیٹی پالیسی اور قانون سازی کی سطح پر حائل مشکلات کے حوالے سے اقدامات کی سفارش کرے گی۔ سیاحت سے متعلقہ امور میں یکساں معیار کو یقینی بنانے کے حوالے سے ریگولیٹری اور عمل درآمد کے نظام کی تشکیل کی ذمے داری بھی کمیٹی کو سپرد کی گئی ہے۔ نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سرمایہ کاری کے فروغ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ اور مختلف منصوبوں کے قابل عمل ہونے کے حوالے سے امور کا جائزہ لے گی۔
نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی سیاحت کے حوالے سے نئے اقدامات کی نشان دہی کرے گی۔ مقامی سیاحت کے فروغ کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی ذمے داری بھی کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔ کمیٹی سیاحت کے حوالے سے افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات تجویز کرے گی۔
اعلیٰ سطح کی کمیٹی سیاحت کے حوالے سے مختلف وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور متعلقین کو ہدایات جاری کرنے کی مجاز ہوگی۔ کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن کے بعد باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی بین الصوبائی، بین الوزارتی، محکموں اور اداروں کے تعاون کے حوالے سے فوکل پوائنٹ کا کردار ادا کرے گی۔
کمیٹی کے کنوینر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری ہوں گے جو ہر پندرہ دنوں کے بعد وزیرِاعظم کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے حائل رکاوٹوں، سفارشات اور پیش رفت کے حوالے سے بریف کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔