کینسر نے مضبوط بنادیا، دوران علاج خودکشی کی کوشش کی، نادیہ جمیل

کراچی: اداکارہ نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے کینسر کو کس طرح شکست دی اور علاج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا سامنا کیا۔
نادیہ جمیل کچھ عرصے سے بریسٹ کینسر جیسے مہلک مرض سے لڑرہی تھیں اوروہ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہیں لیکن اس دوران انہوں نے جن جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کیا، اس حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے ہیں تاکہ ان کی کہانی سن کر ان تمام لوگوں کو حوصلہ ملے جو بدسلوکی، ہراسانی، ڈپریشن اور کینسر جیسے مہلک مرض سے لڑ رہے ہیں۔
نادیہ جمیل نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کینسر سے لڑنے کے دوران ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے زندگی سے مکمل طور پر ہار مان لی تھی اور خودکشی کی کوشش کی لیکن وہ ایسا کر نہ کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب میرے بال کاٹے گئے تواس وقت میں بہت روئی اور جب میں نے پہلی بار اپنا گنجا چہرہ آئینے میں دیکھا تو میری ریڑھ کی ہڈی سیدھی ہوگئی کیونکہ مجھے بہت مضبوط عورت نظر آئی اورمجھے خود پر بہت فخر محسوس ہوا۔
نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ کینسر کے اس سفرنے مجھے بہت مضبوط بنایا ہے۔ اب جب میں کاجل لگاتی ہوں تو مجھے میری آنکھیں اچھی لگتی ہیں۔ نادیہ جمیل نے اپنے سوشل میڈیا مداحوں کو اپنی فیملی قراردیتے ہوئے کہا کہ کینسر کے اس پورے سفر کے دوران میری اس فیملی نے میرا بہت خیال رکھا اورمیری ہمت بڑھائی۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے بھیجے جانے والے محبت بھرے پیغامات پڑھ کر میری آنکھوں میں آنسو آجاتے تھے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ اب وہ ان تمام لوگوں کے سوالوں کے جواب دینا چاہتی ہیں جو جنسی ہراسانی، ڈپریشن اورکینسر کے مرض سے لڑرہے ہیں اورسوشل میڈیا پران سے ان کے سفرکے بارے میں سوالات پوچھتے ہیں اس کے علاوہ پاکستان میں بدسلوکی کا شکار بچوں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔