بڑے ایونٹس ختم، بچوں کی خوشی کیلیے صرف سالگرہ مناتا ہوں، منیب بٹ
کراچی: ٹی وی کے مقبول اداکار منیب بٹ نے اپنی شادی پر بے تحاشا اخراجات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری شادی آج ہوتی تو میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کبھی اتنی تقریبات نہ رکھتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں منیب بٹ سے سوال کیا گیا کہ اگر آپ ماضی میں جاکر اپنی زندگی کے کوئی دو واقعات تبدیل کرسکتے تو وہ دو واقعات کون سے ہوتے؟
منیب بٹ نے جواب میں کہا کہ ایک واقعہ 2006 کا ہے جب میں نے میٹرک سے انٹر کے لیے پری انجینئرنگ میں داخلہ لیا تھا، اب میں اس داخلے کو کامرس میں تبدیل کروں گا۔
اداکار نے بتایا کہ مجھے انجینئرنگ بالکل پسند نہیں تھی، اس لیے میں اس انجینئرنگ میں داخلہ بھی نہیں لینا چاہتا تھا لیکن والد کے دباؤ پر میں نے انجینئرنگ میں داخلہ لے لیا، اس کے بعد میں فیل ہوگیا، اب میں اس داخلے کو کامرس میں تبدیل کروں گا۔
منیب بٹ نے بتایا کہ دوسرا واقعہ میری شادی کے سال کا ہے، اگر میری شادی ماضی کے بجائے ان سالوں میں ہوتی تو میں اب اپنی شادی کے لیے اتنی تقریبات نہیں رکھوں گا اور نہ ہی میں اپنی شادی پر اتنا پیسہ خرچ کروں گا جتنا میں نے کیا تھا۔
منیب نے مزید کہا کہ اس کی وجہ مہنگائی ہے، ملک کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں گوارا نہیں کروں گا کہ میں اتنی بڑی رقم اپنے لیے اپنی شادی پر خرچ کروں اور میرے ملک کے کئی لوگ روٹی سے بھی ترس رہے ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے بڑے بڑے ایونٹس کو ختم کردیا ہے، اب میں بچوں کی خوشی کے لیے صرف سالگرہ کی تقریب مناتا ہوں۔
خیال رہے کہ اداکار منیب بٹ نے 2018 میں اداکارہ ایمن خان سے شادی کی تھی، دونوں کی شادی کو 8 سے 9 دن تقریبات کے باعث مداحوں نے طویل ترین شادی کا نام بھی دیا تھا، جوڑے کے ہاں اب دو بیٹیاں بھی ہیں۔