افغانستان میں حکومت سازی کی تیاریاں، ملاعبدالغنی کابل روانہ
کابل: طالبان کے کابل فتح کرنے کے بعد افغانستان میں نئی حکومت بنانے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ اس معاملے میں اہم مشاورت کے لیے ملا عبدالغنی برادر قطر سے کابل روانہ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کابل میں کاروباری مراکز کھل چکے۔ طالبان نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کی اجازت ہوگی۔ افغان میڈیا پر خواتین اینکرز بھی دوبارہ اسکرینوں پر آگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر خصوصی طیارے کے ذریعے قطر سے کابل پہنچیں گے۔ وہ کابل پہنچ کر تحریک طالبان کی جانب سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ کابل میں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کو پریس کانفرنس کے ذریعے بریف کیا جائے گا۔ ملا عبدالغنی برادر افغان عوام کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
ادھر برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر نئے افغان صدر بننے کے لیے تیار ہیں۔ اخبار نے حکومت میں شامل ہونے والے دیگر اہم نام بھی ظاہر کیے ہیں۔ ان میں سراج الدین حقانی، ملا محمد یعقوب، سہیل شاہین اور خیر اللہ خیر خواہ شامل ہیں۔