کیا عامر بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آرہے ہیں؟

لاہور: مصباح الحق اور وقار یونس کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے عہدوں سے دستبردار ہوتے ہی کھیل سے دلچسپی رکھنے والے شائقین کے ذہنوں میں یہ سوال تیزی سے اُبھر رہا ہے کہ کیا تیز گیند باز محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے۔ اس حوالے سے مثبت اطلاعات سامنے آرہی ہیں اور امید واثق ہے کہ جلد ہی شائقین محمد عامر کو گرین شرٹس کی نمائندگی کرتے دیکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کریں گے۔
گزشتہ برس دسمبر میں محمد عامر نے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر قریباً 15 منٹ کی ویڈیو میں بتایا تھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں بلکہ انہوں نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔
محمد عامرکا کہنا تھا کہ جب میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تو سابق کوچ مکی آرتھر اور گزشتہ منیجمنٹ نے میرے فیصلے کو سپورٹ کیا لیکن جب سے نئی منیجمنٹ آئی ہے وہ میرے پیچھے پڑ گئی، نئے بولنگ کوچ اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ میں نے لیگز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے اور بار بار لوگوں کے ذہن میں ڈالا کہ میں نے اس وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑا ہے اور میں پیسے کے پیچھے ہوں۔
عامر کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کرکٹ میں واپسی کے بعد ایشیا کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ میں‌ اچھی کارکردگی دکھائی، آج بھی میں‌ ون ڈے رینکنگ میں‌ ٹاپ 10 میں‌ ہوں، دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں آیا تو مجھے دکھ ہوا۔
فاسٹ بولر نے اپنے ویڈیو میں مزید کہا تھا کہ ’احسان مانی اور وسیم خان سے کوئی اختلاف نہیں‌ میری ریٹائرمنٹ‌ لینے کی وجہ ٹیم منیجمنٹ کا رویہ ہے، اگر عزت نہیں ملے گی تو میں وہاں نہیں رہ سکتا، ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے بورڈ‌ کو آگاہ کردیا ہے، لوگ مجھ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست کررہے ہیں لیکن میں‌ نے جذباتی طور پر فیصلہ نہیں‌ لیا۔
اب کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو بنایا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔