ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ میں گورنر راج کا مطالبہ کردیا
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے، وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبہ سندھ میں گورنر راج لگایا جائے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز میں رابطہ کمیٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل پر لوگوں کو بھرتی کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نادرا پر 50 فیصد غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے، نادرا میں کالعدم لوگوں کے جعلی شناختی کارڈز بنائے گئے، لوکل گورنمنٹ کے سیکریٹری کی انکوائری ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جعل سازی کی، اس حوالے سے ایف آئی اے سے بھی رپورٹ جاری ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کراچی کو کمزور کرنے کی منظم سازش کی جارہی ہے، جعلی شناختی کارڈز پر 40 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ کروائے گئے ہیں، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگایا جائے۔