سر کا خطاب ملنے پر والدہ جذباتی ہوگئی تھیں، صادق خان
لندن: میئر لندن صادق خان جنہیں گزشتہ روز سر کا خطاب ملا ہے، کا کہنا ہے کہ یہ خطاب ملنے پر خود کو بہت عاجز محسوس کررہا ہوں، یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے۔
منگل کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے صادق خان کو لندن کے عوام کی خدمات کے اعتراف میں نائٹ کا انتہائی معتبر اعزاز دیا۔
صادق خان رواں برس مسلسل تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے، نائٹ کا اعزاز ملنے سے اب صادق خان کے نام سے پہلے سر بھی لکھا جائے گا۔
سر کا خطاب ملنے کے بعد نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے میئر لندن صادق خان نے کہا کہ یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے، میرے والدین نے پاکستان سے یہاں آکر محنت کی۔
صادق خان نے کہا کہ میرے والد کو بس ڈرائیور کی نوکری ملی تھی، والدہ کپڑے سیتی تھیں، اس ملک میں محنت کا صلہ ملتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکا اعزاز ملنے پر والدہ بہت جذباتی ہوگئی تھیں، ہم سب والد کو یاد کررہے تھے، بچے مذاق کررہے ہیں کہ گھر میں آپ سر نہیں صرف ہمارے والد ہیں، میری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، یہ ایوارڈ بھی پوری ٹیم کے لیے ہے۔
میئر لندن صادق خان کا مزید کہنا تھا کہ بادشاہ سے خاصے اچھے تعلقات ہیں، برطانوی وزیراعظم بھی میرے دوست ہیں۔