ملک بھر میں سیلاب سے 980 سے زائد افراد جاں بحق

اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ لاہور: سندھ، خیبر پختون خوا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 افراد جاں بحق جب کہ 115 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 980 سے تجاوز کرگئی ہے، پچھلے 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 33، خیبر پختونخوا میں 10، پنجاب میں 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 68 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار گھر ملیامیٹ، ساڑھے 8 ہزار لائف اسٹاک، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب کی نذر ہوئے۔
دوسری جانب سندھ میں سیلاب سے 49 لاکھ، پنجاب میں 4 لاکھ 45 ہزار، بلوچستان میں 4 لاکھ 85 ہزار افراد کیمپوں میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ ملک کے مختلف صوبوں میں ریکارڈ اموات میں سندھ سرفہرست ہے جہاں 339 افراد لقمہ اجل بنے، بلوچستان 234، کے پی 195 جب کہ پنجاب میں اموات کی تعداد 167 ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔