منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز شریف کی اہلیہ پر فرد جرم عائد
لاہور: منی لانڈرنگ ریفرنس میں لاہور کی احتساب عدالت نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر نمائندے کے ذریعے فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو بیانات کے لیے طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خاندان کے خلاف نیب کے مختلف کیسز کی سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف کمر درد میں مبتلا ہیں، ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا کہا ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ مسلم لیگ کے رہنماؤں کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ یاد رہے نصرت شہباز نے گزشتہ سماعت پر ٹرائل جوائن کیا تھا۔