9 محرم الحرام کے جلوس، سیکیورٹی سخت، موبائل سروس بند

کراچی / اسلام آباد / لاہور: پاکستان بھر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر جلوس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں خاص طور پر حساس شہروں اور علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس حسب روایت نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ سے صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر ختم ہوگا۔
لاہور میں مرکزی جلوس اسلام پورہ کی پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس اپنے آغاز کے مقام پر ختم ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوکر واپس اسی مقام پر ختم ہوگا۔
اُدھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوگا۔ کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔ ملک بھر میں جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر پولیس، رینجرز اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون سروس معطل کیے جانے سے متعلق تفصیل جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق 9اور 10 محرم الحرام کو جی سکس، جی سیون، جی ایٹ اور جی نائن کے علاقوں میں صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی جب کہ آئی ٹین اور گردو نواح کے علاقوں میں 9محرم کو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ 10 محرم کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہے گی۔11 محرم کو بری امام کے علاقوں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رکھی جائے گی۔
دریں اثنا وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے جلوسوں کی مناسبت سے متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نقشے بھی جاری کیے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔