مصباح نے قومی ٹیم پر تنقید کو درست قرار دے دیا!

کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کو درست قرار دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد تنقید جائز ہے، یہ تنقید درست ہورہی ہے کیونکہ تنقید وہی کرتے ہیں جنہیں ٹیم کی صلاحیتوں پر یقین ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے فائٹ کرکے اپنے پوٹینشیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم میچ کو آخری 5 اوورز تک لے کر گئی، حالانکہ صورت حال مشکل تھی، اس کے بعد جب مداح آپ سے فائٹ کرنے کی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں تو آپ توقعات پر پورا نہیں اترتے تو تنقید درست ہوتی ہے، ہم نے صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا ہے، اس لیے تنقید بنتی ہے۔
‏مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، ہم نے ایسی صورت حال سے آئندہ کے لیے نکلنا ہے کیونکہ کسی بھی کھیل میں مقصد جیت ہوتا ہے اور جب آپ نہیں جیت پاتے تو مایوسی ہوتی ہے، اس لیے مایوسی بھی ہے اور افسوس بھی، توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہوتا ہے۔
ہیڈ کوچ کا ماننا ہے کہ ہم اس ٹور پر اچھا کرسکتے تھے لیکن ہم نے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، ہمارے پاس کئی مواقع آئے لیکن ہم نے ان مواقع کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا، کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے لیکن یہ دیکھنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے، ہم میچز کو قریب لے کر جاسکتے تھے لیکن ایسا نہیں کر نہیں پارہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ڈراپ کیچز ہمارا پہلے بھی مسئلہ رہا ہے اور یہاں بھی ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈراپ کیچز ہی تھا، ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہے اس سیریز میں چانس مس کرنے سے بہت فرق پڑا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ اب ہم نے ہوم سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہے، یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ہم ہر شعبے میں بہتری لائیں، اچھا کھیل کر اعتماد کو بحال کرنا ہے جو غلطیاں کیں ان کا جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہے، ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک جب کہ ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔