مصباح الحق کورونا میں مبتلا، 10 دن ویسٹ انڈیز میں آئسولیٹ رہیں گے
جمیکا: سابق قومی کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کی وجہ سے وہ آج قومی اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ وطن واپس نہیں آسکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ویسٹ انڈیز میں قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی وطن واپسی سے قبل دو مرتبہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی، ٹیسٹنگ کے نتائج میں صرف مصباح الحق ہی وہ واحد رکن ہیں جن کے دونوں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، تاہم ان میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق اب دس روز تک جمیکا میں قرنطینہ کریں گے جس کے بعد انہیں پاکستان واپسی کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ میزبان بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق کو دس روزہ قرنطینہ کے لیے جلد دوسرے ہوٹل منتقل کردیا جائے گا، جہاں میڈیکل اسپیشلسٹ ان کی دیکھ بھال کے لیے موجود ہوں گے۔