برازیلین باشندے کا 6 ہزار فٹ بلند رسی پر چلنے کا حیران کن مظاہرہ
برازیلیا: برازیل سے تعلق رکھنے والے باشندے نے زمین سے 6 ہزارفٹ سے بھی زیادہ بلندی پر دو گرم ہوا کے غباروں کے درمیان تنی رسی پر چل کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
برازیل کے 34 سال کے خطروں کے کھلاڑی رافیل بریڈی نے دبئی میں دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ کی لمبائی سے بھی دگنی بلندی پر گرم ہوا کے دوغباروں کے بیچ میں تنی رسی پرچل کرنیا ریکارڈ قائم کردیا۔
رافیل نے 6 ہزار 131 فٹ کی بلندی پر تنی رسی پر چل کر ریکارڈ بنایا جب کہ برج خلیفہ کی اونچائی 2 ہزار 722 فٹ ہے۔
نئے اور پُرخطر تجربات کے شوقین رافیل کا کہنا تھا کہ گرم ہوا کے غباروں کے درمیان تنی رسی پر چلنے کا مقصد اتنی بلندی پر تیرنے جیسے احساس کی سنسنی اور آزادی کو محسوس کرنا تھا۔میرے ساتھ میری مہم میں پوری ٹیم کام کرتی ہے جو موسم اور دیگر امور سے متعلق معلومات اکٹھی کرتی ہے۔