ہفتے بھر میں تیل اور گھی 350 روپے کلو ہوجائیں گے، مفتاح اسماعیل
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ نے قوم کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں خوردنی تیل اور گھی کی قیمت 350 روپے ہوجائے گی جب کہ تیل کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کو صحیح وقت پر پہنچائیں گے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گھی، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی جب کہ گھی بہت جلد 150روپے فی کلو کم ہوجائے گا۔ آٹا بھی مزید سستا ہوگا اور کھاد کی قیمت بھی کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر استحکام کی طرف چلے گئے ہیں اور آئی ایم ایف سے معاملہ جلد طے ہوجائے گا، لہٰذا معیشت کنٹرول میں ہے، افواہوں پر کان نہ دھریں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا ہماری معاشی مجبوریاں تھیں لیکن اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت زیادہ کرنٹ دیفیسٹ چھوڑ کر گئے، سابق وزیراعظم روس سے کم از کم 100 لیٹر تیل ہی خرید لیتے، گزشتہ نالائق حکومت کی بری پالیسیوں کا ہمیں خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دو روز میں کراچی کا 1100 میگاواٹ کا پاور پلانٹ کام شروع کردے گا۔