پاکستانی طالبہ نے دُنیا بھر میں ملک کا نام روشن کردیا

سان فرانسسكو: پاکستان سے تعلق رکھنے والی پی ایچ ڈی طالبہ نے سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سمپوزیم میں دو اعزازات اپنے نام کرلیے۔ اول انہیں سفری فیلوشپ دی گئی اور دوم اسٹیم سیل پر اپنی غیرمعمولی تحقیقی تخلیص کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کی ایک پی ایچ ڈی اسکالر عائشہ اسحاق نے حال ہی میں پروفیسر ڈاکٹرعصمت سلیم کی نگرانی میں مکمل ہونے والی اپنی تحقیق کی تلخیص کے غیر معمولی ہونے کے اعتراف میں انٹرنیشنل سوسائٹی فار اسٹیم سیل ریسرچ (آئی ایس ایس سی آر)، یو ایس اے، کے دو بین الاقوامی ایوارڈ آئی ایس ایس سی آر میرٹ ایبسٹریکٹ ایوارڈ اور آئی ایس ایس سی آر ٹریول ایوارڈ جیتے ہیں۔
عالمی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ عائشہ اسحاق نے یہ ایوارڈآئی ایس ایس سی آر کے تحت سان فرانسسکو امریکا میں منعقدہ بین الاقوامی ہائبرڈ کانفرنس کے پوسٹر سیشن میں آن لائن اپنی تحقیق پیش کرتے ہوئے حاصل کیا ہے۔
خیال رہے کہ متعلقہ تحقیق دراصل چوہوں کی ہڈیوں گودوں (بون میرو) سے نکالے گئے بنیادی خلیات (اسٹیم سیل) کے استعمال سے فالج (اسٹروک) اور دیگر امراض کے علاج سے متعلق ہے۔ عائشہ اسحاق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں پروفیسر ڈاکٹرعصمت سلیم کی نگرانی پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس بین الاقوامی کانفرنس میں پوری دنیا سے 22 سو افراد شریک ہوئے جب کہ ایک ہزار افراد نے آن لائن شرکت کی۔
عالمی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے عائشہ اسحاق کو اس بڑی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جب کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔