سابق آسٹریلوی اوپنر مائیکل سلیٹر کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

سڈنی: آسٹریلیا کے سابق اوپنر اور کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر کو گھریلو تشدد کے واقعے پر گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے مائیکل سلیٹر کو مینلی کے علاقے سے گرفتار کیا اور انہیں اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئی۔

تھانے میں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے، لیکن ابھی تک انہیں چارج نہیں کیا گیا۔ پولیس نے مائیکل سلیٹر کا نام لیے بغیر ایک 51 سالہ شخص کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے بارے میں ملنے والی شکایات کے بعد تفتیش جاری ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں ہی مائیکل سلیٹر کی اپنے ملک کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن پر تنقید کی وجہ سے ٹی وی کمنٹری ٹیم سے چھٹی ہوگئی تھی۔ وہ آسٹریلوی ٹی وی چینل کی کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے تاہم ٹی وی چینل نے ان کی مزید خدمات حاصل کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
مائیکل سلیٹر اس سے پہلے بھی خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ رکھنے کے الزام میں خبروں میں آچکے۔ 2019 میں انہیں اپنی ہی 2 خواتین دوستوں سے الجھنے پر جہاز سے اتار دیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔