محل میں ایسا وقت آیا جب میں زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میگھن مارکل

کیلیفورنیا: برطانیہ کے شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مارکل نے ٹی وی انٹرویو میں کئی انکشافات کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہیری سے آفیشل تقریب سے تین روز قبل شادی ہوئی، جس کے بعد مجھے چپ کرادیا گیا، ہم نے محل کو خوشی سے نہیں چھوڑا، امریکی نژاد میگھن کا اوپرا ونفری کو دیا گیا انٹرویو نشر کردیا گیا۔
شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل نے شاہی محل کے رازوں سے پردہ اُٹھا دیا۔ شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو انٹرویو میں کہا کہ محل میں ایسا وقت بھی آیا جب وہ زندہ نہیں رہنا چاہتی تھیں۔ محل میں میری کالی رنگت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے محل کو خوشی سے نہیں چھوڑا۔ شاہی خاندان نے میرے بچے کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا کہ کہیں اس کا رنگ گہرا تو نہیں۔
میگھن نے کہا کہ ہیری سے آفیشل تقریب سے تین روز قبل شادی ہوئی، باقی سب دنیا کو دکھانے کے لیے تھا۔ شادی کے بعد مجھے چپ کرادیا گیا لیکن اب ہم اپنے فیصلے خود کر سکتے ہیں، پہلے ایسا نہیں کرسکتے تھے۔ خود فیصلہ کرنے کے اختیار سے آزادی کا احساس ہوا ہے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں شاہی زندگی اس سے بہت مختلف ہوتی ہے۔ معاشی مشکلات کی وجہ سے اب ہم نے مختلف معاہدے کیے ہیں۔
میگھن نے کہا کہ وہ ہمارے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں اور ہم چپ رہیں ایسا نہیں ہوگا۔ میگھن نےالزام لگایا کہ ان کی ساس کمیلا اور جٹھانی کیٹ نے گھر کی باتیں میڈیا کو بتائیں۔ شاہی محل کے سابق اسٹاف رکن نے کہا تھا کہ میگھن نے کئی بار اسٹاف ممبرز کی تضحیک کی۔ میگھن نے دو ذاتی معاونین کو محل سے نکالا تھا۔ شاہی محل نے میگھن کے محل کے عملے کو ہراساں کرنے کی افواہوں کے بارے میں تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
شہزادہ ہیری نے کہا کہ ہم دونوں نے اپنے خلاف ہونے والی محاذ آرائی کا مقابلہ کیا جب کہ ان کی والدہ لیڈی ڈیانا نے اکیلے ساری مصیبتوں کا سامنا کیا، جو بہت مشکل تھا۔ انہوں نے اپنے آنے والے بچے کے بارے میں کہا کہ وہ بیٹی ہے، انٹرویو پر برطانوی اخبارات میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل مارچ 2020 سے شاہی فرائض سے دستبردار ہونے کے بعد کیلیفورنیا میں رہائش پذیر ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔