وزیرِاعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف چین کے اہم دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
چین کے دو روزہ سرکاری دورے میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، سی پیک میں تعاون بڑھانے اور اسٹرٹیجک پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں آنے والے سپر فلڈ سے ہونے والی تباہی کے تناظر میں پاکستان کی امداد، بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں چین کی مدد پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، صحت، تعلیم، متبادل توانائی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری سمیت متعدد امور پر تعاون پر تبادلہ خیال اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک کے باعث اعلیٰ معیار کی ترقی سے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے یقین دلایا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور جیو اکنامک حب کے طورپر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات میں سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور سی پیک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو گریٹ ہال آف پیپل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے بعد چین اور پاکستان کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔