سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لیا تو وہ بھی نااہلوں سے بھرجائے گا، مولانا فضل

پشاور: حزب اختلاف پر مشتمل جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لیا تو ایوان بالا بھی نااہلوں سے بھرجائے گا۔
پشاور میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ حکومت سے ہے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں، اس سے ہمیں گلے شکوے ہیں اور شکایت اپنوں سے ہی ہوتی ہے، ریاستی اداروں کے ساتھ ہماری سوچ کا احترام کیا جائے، اسٹیبلشمنٹ سیاسی جماعتوں کو توڑنا چھوڑ دے، حکمراں اپنے مستقبل سے بے پروا ہیں، ان کا مستقبل تاریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیا تو وہ بھی ان نااہلوں سے بھرجائے گا، حکمران بے وقوف تھے اور ایسے ہی احمق رہیں گے، اگر اس ملک کو بچانا ہے تو اس حکومت سے نجات دلانا اہم ہے، ملک میں دوبارہ شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا حربہ اب ٹھس ہوچکا، اب نیب خطرے میں ہے، کل آنے والی حکومت اسے ختم کردے گی، نیب افسران حدود میں رہیں، ذاتی دشمنیاں نہ پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو مالی نقصان کس نے پہنچایا، ذمے دار یہی حکومت ہے، براڈ شیٹ نے حکومت کی کارکردگی کا پول کھولا ہے، براڈ شیٹ کیس میں ان کی نااہلی کی وجہ سے قوم کو اتنا بڑا نقصان ہوا، ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کے کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، پرویز خٹک کی صحت بتارہی ہے کہ بی آر ٹی میں کتنی کرپشن ہوئی۔
انہوں کہ اٹھارویں ترمیم پر ہاتھ ڈالنا ملک کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا، اس سے صوبوں کا احساس محرومی بڑھے گا جو بغاوت کی تحریکوں میں بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ادارے کو مضبوط کرنے کے لیے ملک میں افراتفری کی صورت حال ہے، فوج فاٹا میں بیٹھی ہوئی ہے انضمام کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پی ٹی ائی کے گلے میں پھندا ہے، 23 اکاؤنٹس الیکشن کمیشن کو دیے گئے ان پر فارن فنڈنگ کے حوالے سے بات ہونی چاہیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔