دوسرے روز بھی سندھ میں پیپر آؤٹ، نقل: انتظامیہ بے بس

کراچی: پہلے روز کی طرح آج بھی میٹرک امتحانات میں نقل اور بدنظمی عروج پر نظر آئی، سندھ میں تعلیمی بورڈز نویں اور دسویں کے امتحانات کے دوران نقل روکنے میں ناکام رہے، آج بھی پیپر آؤٹ ہوا، واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے طلبا تک پہنچا، دعووں کے باوجود انتظامیہ بے بس نظر آئی۔
وادی مہران میں امتحان مذاق کی صورت اختیار کرگئے، پیپر آؤٹ بھی ہوا، نقل بھی جاری رہی، بورڈز کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہید بے نظیر آباد بورڈ اپنے قیام کے پہلے ہی امتحان میں فیل ہوگیا۔ ریاضی کا پرچہ ٹائم سے پہلے ہی آؤٹ واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرتا رہا، نقل روکنے کے لیے بنائی گئی کمیٹیاں ناکام ہوگئیں۔


حیدرآباد میں بھی میٹرک کا ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہوگیا جب کہ امتحانی مراکز پر نقل کا سلسلہ بھی عروج پر رہا۔ طلبا موبائل فون کی مدد سے کھلے عام نقل کرنے میں مصروف رہے۔ ادھر حیدرآباد میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث متعدد طلبا بھی بے ہوش ہوگئے۔
لاڑکانہ اور کشمور میں بھی پیپر کے دوران ماحول مختلف نہ تھا۔ ریاضی کا پرچہ واٹس ایپ گروپوں میں دستیاب تھا، امتحانی مراکز پر بھی نقل ہوتی رہی اور انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی رہی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔